کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی فوڈ انسپیکشن ٹیم نے ڈی ایچ اے فیز 5 میں زمزمہ کمرشل اور فیز6 میں بخاری کمرشل کے ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ معائنے کے دوران کئی فوڈ آؤٹ لیٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے اور میعاد ختم شدہ غذائی اشیاء بھی برآمد ہوئیں جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
فوڈ انسپیکشن ٹیم نے اشیاء اور برتنوں کی صفائی کا تفصیلی معائنہ کیا۔کچھ آؤٹ لیٹس بغیر فوڈ ٹریڈ لائسینس اور فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کے کام کرتے پائے گئے۔ ایسے فوڈ آؤٹ لیٹس کے مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ فوری طور پر فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس اور فوڈ ٹریڈ لائسینس حاصل کریں۔
مختلف فوڈ آؤٹ لیٹس پر کنٹونمنٹ پیور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر تنبیہ کی گئی اور جرمانے عائد کیے گئے۔ آؤٹ لیٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی کریں۔
سی بی سی کلفٹن کنٹونمنٹ کے مکینوں کی صحت کے تحفظ کے لیے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد اور معیاری کھانے پینے کی چیزوں کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔