کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے دوسرے مرحلے میں شروع کی گئی مختلف اہم شاہراہوں کی تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ان میں شامل چھ سڑکیں جن میں خیابانِ شہباز اور خیابانِ سحر شامل ہیں ان پر کارپیٹنگ کا ابتدائی مرحلہ، جسے تکنیکی زبان میں بیس کورس بائنڈر (Base Course Binder) کہا جاتا ہے ،اسےمکمل کر لیا گیا ہے۔ اب کارپیٹنگ کا آخری مرحلہ فائنل ویئرنگ کورس (Final Wearing Course) شروع ہونے جارہا ہے، جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
دیگر چار سڑکیں جن پر بیس کورس مکمل کیا جا چکا ہے ان میں خیابانِ ہلال، خیابانِ بدر، خیابانِ محافظ اور صباء ایونیو شامل ہیں۔ کارپیٹنگ کے ساتھ ساتھ مختلف سڑکوں کے کناروں پر کرب اسٹون لگانے کا کام بھی آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ ان سڑکوں میں خیابانِ محافظ اور خیابانِ بادبان شامل ہیں۔
یہ منصوبہ صرف کارپیٹنگ تک محدود نہیں ہے اس میں فٹ پاتھوں کی تعمیر، گرین بیلٹس میں پودے لگانا، سڑکوں کی تزئین و آرائش، لین مارکنگ اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی شامل ہیں۔
پہلے مرحلے کی طرح سی بی سی کے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایات اور رہنمائی میں اس مرحلے میں بھی کام کے اعلی معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کیا گیا تھا۔
رہائشیوں کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں اعلی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔