کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم (ERT) نے زم زمہ کمرشل، ڈی ایچ اے فیز 5 میں واقع امتیاز سپر اسٹور میں لگنے والی آگ پر فوری کارروائی اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے قابو پالیاگیا۔ آج صبح آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی سی بی سی کا عملہ فائر ٹینڈرز کے ساتھ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچا اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
سی بی سی کے اعلیٰ افسران نے موقع پر موجود رہ کر تمام حفاظتی اقدامات کی نگرانی کی، جس کی بدولت آگ بجھانے کا عمل بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انتظامیہ نے امتیاز سپر اسٹور میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔