کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے اپنے دائرہ اختیار میں ڈیفنس اور کلفٹن کے علاقوں میں واقع تمام گراؤنڈ پلس 4 اور اس سے بلند عمارتوں کے لیے فائر سیفٹی آڈٹ کا آغاز کر دیا ہے، کیونکہ عوامی تحفظ سی بی سی کی اولین ترجیح ہے۔ کراچی میں پیش آنے والے افسوسناک گل پلازہ آتشزدگی کے واقعے نے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر فائر سیفٹی اقدامات کی اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے۔
فائر سیفٹی اقدامات کے نفاذ کے لیے ایک ٹاسک فورس چوبیس گھنٹے مصروف عمل ہے۔ اس نے فیلڈ میں فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کر کے ممکنہ خطرے والے مقامات کی نشاندہی کی ہے۔ ممکنہ خطرات سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے لیے تاجروں کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کیے گئے ہیں، جبکہ پلازہ اور دکان مالکان کے ساتھ بھی ملاقاتیں جاری ہیں۔
سی بی سی کی بلڈنگ کنٹرول اور انفورسمنٹ ٹیمیں تمام متعلقہ فریقین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی شمولیت سے یکم فروری سے پندرہ فروری تک فائر سیفٹی پروٹوکولز کے جامع نفاذ کو یقینی بنائیں گی۔
اہم نکات میں فائر سیفٹی پروٹوکولز اور آلات کی تنصیب، راستوں اور پیدل گزرگاہوں کو تجاوزات سے پاک کرنا، تمام ایمرجنسی ایگزٹس کی بلا رکاوٹ دستیابی اور کلیئرنس، پلازہ کے اندر ہموار آمد و رفت اور انخلا سے متعلق آگاہی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ہر پلازہ کے نمایاں مقام پر مکمل رہنمائی نقشہ اور تمام منزلوں پر تفصیلی سمت بورڈز نصب کیے جائیں گے۔
تمام ایسوسی ایشنز ایک فائر سیفٹی ٹیم نامزد کریں گی، جسے سی بی سی ریسکیو اداروں کے تعاون سے ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ، ہر چھ ماہ بعد سی بی سی کی سربراہی میں فائر سیفٹی آڈٹ مشق کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تمام حفاظتی اقدامات برقرار رہیں اور مؤثر طور پر فعال ہیں ۔ بوائے اسکاوٹس، سول ڈیفنس اور 1122 کے اشتراک سے فائر ایویکوایشن ڈرلز بھی فائر سیفٹی اقدامات کا حصہ ہوں گی۔