کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی کاوشیں رنگ لائیں۔ پہلے مرحلے میں ازسرِنو تعمیر شدہ اہم مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔ کچھ عرصہ قبل سی بی سی نے کلفٹن کنٹونمنٹ کی سڑکوں کی تعمیر نو کا بیڑا اٹھایا تھا۔
پہلے مرحلے میں وہ مرکزی شاہراہیں شامل کی گئیں جہاں ٹریفک کا زیادہ دباؤ ہوتا ہے۔ کام کے دوران ہر سطح پر تعمیر کے اعلیٰ معیار اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا گیا۔ ان شاہراہوں میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں۔
ان شاہراہوں کی بروقت اور عمدہ معیار کے مطابق تکمیل، سی بی سی کے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں رہائشیوں کو معیاری شہری سہولیات فراہم کرنے کا واضح ثبوت ہے۔
یہ منصوبہ، جس کے تحت اس وقت دوسرے اور تیسرے مرحلے میں 15 اہم شاہراہوں پر کام جاری ہے، صرف سڑکوں کی استرکاری تک محدود نہیں۔ پیدل چلنے والوں کے لیے فٹ پاتھوں کی تعمیر، سڑکوں کے درمیان گرین بیلٹس میں پھول پودے لگانا، سڑکوں کی تزئین و آرائش، لین مارکنگ، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔
اس وقت جن شاہراہوں پر کام جاری ہے ان میں خیابانِ بدر، خیابانِ سحر، خیابانِ شہباز، خیابانِ شاہین، خیابانِ ہلال، خیابانِ بادبان، خیابانِ محافظ، صبا ایونیو، خیابانِ غازی، خیابانِ مسلم، خیابانِ مجاہد اور خیابانِ شمشیر شامل ہیں۔
رہائشیوں کی جانب سے شاہراہوں کی اعلیٰ معیار کی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کو بھرپور سراہا گیا ہے۔