جہاں شہر کی مختلف سڑکیں بارش کے پانی میں ڈوبی ہوئی تھیں اور ٹریفک کے مسائل کا سامنا تھا، وہاں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے کلفٹن کنٹونمنٹ کی سڑکیں بروقت کلیئر کر دیں۔ نہ ہی کہیں ٹریفک جام ہوا اور نہ ہی بارش کے بعد کہیں پانی کھڑا رہا۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے اعلیٰ افسران کی ایک ٹیم نے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایت پر کلفٹن کنٹونمنٹ کی اہم شاہراہوں اور دیگر سڑکوں پر بارش کے پانی کی نکاسی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے دورہ کیا۔ فیلڈ سروے کی رپورٹ کے مطابق آج صبح سے پہلے اہم شاہراہوں اور دیگر سڑکوں سے بارش کا پانی سو فیصد نکال دیا گیا تھا۔ تاہم خیابان بدر پر جہاں ترقیاتی کام جاری ہے وہاں تھوڑا بہت پانی جمع تھا جسے نکالنے کی کوششیں جاری تھیں۔