کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے کلفٹن کنٹونمنٹ میں موجودہ سیوریج سسٹم کی بہتری کے لیے ایک جامع پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں ڈی ایچ اے فیز 5 اور 6 میں مین سیورز کی مشینوں کے ذریعے صفائی اور ڈی سلٹنگ کی جائے گی۔
ان اقدامات سے نہ صرف سیوریج لائنوں میں پانی کا بہاؤ بہتر ہوگا بلکہ کروڑوں روپے کی بچت بھی ہوگی۔ لائنوں کی صفائی اور ڈی سلٹنگ کے لیے جدید سسٹم استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے قابلِ استعمال لائنوں کو تبدیل کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ اس اقدام سے روڈ انفرااسٹرکچر کو محفوظ رکھنے اور رہائشیوں کو کسی قسم کی پریشانی سے بچانے میں بھی مدد ملے گی۔
سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کے ساتھ ڈسپوزل کنوؤں کی بھی ڈی سلٹنگ کی جائے گی جس سے ان کی گنجائش میں اضافہ ہوگا، اوور فلو کی شکایات میں کمی آئے گی اور علاقوں میں صفائی کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔یہ تمام اقدامات سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں۔ سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں متعلقہ سپروائزرز کی نگرانی میں دن رات صفائی اور ڈی سلٹنگ کے اقدامات میں مصروف ہیں۔
ایک جامع منصوبے کے تحت 26th اسٹریٹ پر پرانی ٹرنک لائن کی ڈی سلٹنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ اگلے دس سے پندرہ دن میں اس ٹرنک لائن کی ڈی سلٹنگ کردی جائے گی۔ ان اقدامات سے خیابان شمشیر، خیابان جنباز اور متصل گلیاں، A اسٹریٹ اور اس کی متصل گلیاں، خیابان مجاہد ، خیابان بدر ، خیابان شاہین کے ارد گرد کے علاقوں میں سیوریج نظام میں بہتری آئے گی۔ خیابان محافظ پر بھی سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل جاری ہے۔ سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ سے سحر کمرشل، راہت کمرشل، نشاط کمرشل اور دیگر علاقوں میں بھی سیوریج نظام میں مزید بہتری آئے گی۔
سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں کلفٹن کنٹونمنٹ میں ایک صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔