کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے ڈیفنس کی اہم شاہراہوں پر پرانی اور خراب اسٹریٹ لائٹس کی جگہ نئی ایل ای ڈی لائٹس نصب کردی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کھمبوں کی تبدیلی، ان کی بنیادوں کی مضبوطی، وائرنگ کی بہتری اور کھمبوں پر رنگ کا کام بھی سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی جانب سے پیشہ ورانہ مہارت اور کام کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے مکمل کیا گیا ہے۔ جہاں اسٹریٹ لائٹس موجود نہیں تھیں وہاں بھٰی نئی ایل ای ڈی لائٹس اور کھمبے نصب کردیے گئے ہیں۔
وہ سڑکیں جہاں اسٹریٹ لائٹس کا کام انجام دیا گیا ہے ان میں خیابان بدر، خیابان بادبان، خیابان ہلال، خیابان محافظ، خیابان مجاہد، خیابان مسلم، خیابان راحت، خیابان سحر، خیابان شہباز، خیابان شاہین، خیابان شمشیر اور صبا ایونیو شامل ہیں۔
نئی لائٹس میں آٹو سوئچ سسٹم بھی لگایا گیا ہے جو مقررہ وقت پر خود بخود آن اور آف ہوں گی جس سے بجلی کی بچت ہوگی. نئی اور جدید اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب سے رات کے وقت محفوظ سفر کے ساتھ ساتھ حادثات اور جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
سی بی سی کی جانب سے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی قیادت میں کلفٹن کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول اور اعلیٰ شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔