فوڈ آؤٹ لیٹس پر جرمانے عائد

سی بی سی کی فوڈ انسپیکشن ٹیم کا دہلی کالونی میں ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں کا معائنہ

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی فوڈ انسپیکشن ٹیم نے دہلی کالونی میں واقع ہوٹلوں اور کھانے پینے کی اشیاء کی دکانوں کا معائنہ کیا، جس کے دوران کنٹونمنٹ پیور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر جرمانے عائد کیے گئے اور متعدد فوڈ آؤٹ لیٹس کو تنبیہ کی گئی۔
معائنے کے دوران ٹیم نے کھانے پینے کی اشیاء اور برتنوں کی صفائی کے معیار کا جائزہ لیا۔ کئی مقامات پر ناقص صفائی کی صورتحال دیکھی گئی، جبکہ زائدالمیعاد اشیائےخوردونوش بھی برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
کچھ فوڈ آؤٹ لیٹس سی بی سی کے فوڈ ٹریڈ لائسنس کے بغیر کام کرتے ہوئے پائے گئے، جبکہ بعض فوڈ ہینڈلرز مطلوبہ میڈیکل سرٹیفکیٹس کے بغیر خدمات انجام دے رہے تھے۔
مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ تمام فوڈ ہینڈلرز کے لیے میڈیکل سرٹیفکیٹس حاصل کریں اور لائسنسنگ سے متعلق تمام ضروری تقاضے جلد از جلد مکمل کریں۔ کنٹونمنٹ پیور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر پانچ فوڈ آؤٹ لیٹس پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ دیگر کو وارننگ جاری کی گئی۔
تمام معائنہ شدہ فوڈ آؤٹ لیٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ کنٹونمنٹ پیور فوڈ ایکٹ 1966 کے تحت مقرر کردہ معیاری طریقہ کار (SOPs) پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں