ہفتہ صفائی بھرپور انداز میں جاری

ہفتہ صفائی کے تحت کلفٹن کنٹونمنٹ میں سی بی سی کے خصوصی اقدامات جاری

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے منگل کو شروع کیے گئے ہفتہ صفائی کے تحت بڑے پیمانے پر صفائی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں کلفٹن کنٹونمنٹ کی سڑکوں، گلیوں، مساجد، پارکس اور دیگر مقامات کے اطراف وسیع پیمانے پر صفائی کر رہی ہیں۔ ان اقدامات میں نہ صرف کچرا اور مٹی اٹھانا شامل ہے بلکہ درختوں کی کانٹ چھانٹ، پودے لگانا، لیکوئڈ اور سالڈ ویسٹ کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانا، جراثیم کش اسپرے اور اس نوعیت کے دیگر اقدامات بھی شامل ہیں۔
ہفتہ صفائی کے دوسرے اور تیسرے دن سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے مختلف رہائشی اور کمرشل علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر صفائی کا کام انجام دیا ۔صفائی کے خصوصی اقدامات کا سلسلہ18 اکتوبر بروز اتوار تک جاری رہے گا۔صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے سول سوسائٹی کے ارکان، عوامی نمائندے اور معاشرے کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہری بھی بھرپور انداز میں شرکت کر رہے ہیں۔ سوشل ورکر صنا زبیری اور ڈی ایچ اے فیز 2 کے سابق کونسلر انور زیب نے بھی سی بی سی عملے کے ہمراہ ہفتہ صفائی میں حصہ لیا۔
ہفتۂ صفائی کا اہتمام ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کنٹونمنٹس میں صفائی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، ان میں تیزی لانے اور عوامی آگاہی و شرکت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
ہفتۂ صفائی کے دوران جامع حکمتِ عملی کے تحت رہائشی اور کمرشل ایریاز میں ٹھوس اور مائع فضلے کو بڑے پیمانے پر ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسکولوں کے بچوں میں صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی نشستوں، معلوماتی پوسٹرز کی مہم اور شہری ذمہ داریوں کے شعور کو فروغ دینے والی دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔
سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں کلفٹن کنٹونمنٹ میں اعلیٰ معیار کی شہری سہولیات کی فراہمی اور صاف و صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کے لیے سی بی سی کی جانب سےمسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔۔

اپنا تبصرہ لکھیں