کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث کلفٹن کنٹونمنٹ کی سڑکوں اور گلیوں سے بارش کا پانی نکال دیا گیاہے اور سڑکوں کی صفائی کا کام جاری ہے۔
سی بی سی کا عملہ رات بھر بارش کے دوران مختلف علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے سرگرم رہا۔ عملے کے ساتھ ساتھ سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم (ای آر ٹی) کے افسران بھی موقع پر موجود رہے اور بارش کے پانی کی بروقت اور بلا رکاوٹ نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے عملے کو ضروری ہدایات جاری کرتے رہے۔ سڑکوں پر گرے ہوئے درختوں کو بھی بروقت ہٹا دیا گیا تاکہ ٹریفک کی روانی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
سی بی سی نے بارشوں سے قبل ہی اپنے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایت پر جامع اقدامات کر لیے تھے، جن میں نالوں کی صفائی، مختلف مقامات پر عملے کی ضروری مشینری کے ساتھ تعیناتی اور ڈی واٹرنگ پمپس کی تنصیب شامل ہے۔ شہر میں جمعرات کی صبح سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پانی کی نکاسی کا کام شروع کر دیا تھا تاکہ سڑکوں اور گلیوں میں رہائشیوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی بی سی کے بروقت اور مؤثر اقدامات کو رہائشیوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ کلفٹن ڈیفنس کمیونٹی (سی ڈی سی) جو ایک بڑا کمیونٹی پلیٹ فارم ہے اس نے اپنے کمیونٹی پیج پر سی بی سی کی جانب سے بارشوں سے نمٹنے کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ کلفٹن کنٹونمنٹ کی صورتحال شہر کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں کافی بہتر ہے، کیونکہ سی بی سی کا عملہ اور مشینری فیلڈ میں موجود رہتی ہے اور ان کی کوششوں سے پانی بہت جلد نکال دیا جاتا ہے۔