ایک اور اہم شاہراہ کی تعمیر کا آغاز

سی بی سی نے خیابان شمشیر کی تعمیرنو شروع کردی

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے سڑکوں کی تعمیرِ نو کے جاری منصوبے کے تحت خیابانِ شمشیر کی تعمیرِ نو کا آغاز کر دیا ہے۔ منصوبے کے تحت سڑک کی سطح کی کٹائی (ملنگ ورک) کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد کرشڈ اسٹون کی تہہ بچھائی جائے گی ۔اگلے مرحلے میں سڑک کی کارپیٹنگ کا عمل شروع کیا جائے گا۔سڑک کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے اسفالٹ کی دو تہیں بچھائی جائیں گی جنہیں تکنیکی زبان میں بیس کورس اور ویئرنگ کورس کہا جاتا ہے۔ کام کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر لیا جائے گا۔اس منصوبے میں کارپیٹنگ کے ساتھ ساتھ لین مارکنگ، فٹ پاتھوں کی تعمیر، گرین بیلٹس میں پودے لگانا، سڑک کی تزئین و آرائش اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل سی بی سی نے خیابانِ ہلال، خیابانِ محافظ ، خیابانِ بادبان، خیابانِ سحر، خیابانِ بدر، خیابانِ شہباز ،خیابانِ شاہین، صباء ایونیو ، خیابان غازی اور دیگر اہم سڑکوں کی تعمیرمکمل کرلی ہے۔پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کیا گیا تھا۔
سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں سڑکوں کی تعمیر کے منصوبے میں کام کے اعلی معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔
رہائشیوں کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں جدید طرز کی سڑکوں کی تعمیر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں