کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے تعمیر کے اعلی معیار کو برقرار رکھتے ہوئے خیابانِ ہلال کی کارپیٹنگ بھی مکمل کرلی ہے۔ اس سے قبل خیابان سحر، خیابانِ بدر ،صباء ایونیو، خیابانِ شہباز اور خیابانِ شاہین کی کارپیٹنگ کا کام بھی مکمل کیا جاچکا ہے ۔ جبکہ دیگر اہم شاہراہوں کی تعمیرِ نو تیزی سے جاری ہے اور کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
وہ سڑکیں جن پر اس وقت کارپیٹنگ کی فائنل تہہ بچھائی جا رہی ہے ان میں خیابانِ بادبان اور خیابانِ محافظ شامل ہیں۔ خیابان غازی پر بھی کارپیٹنگ کا کام حال ہی میں مکمل کرلیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے کی طرح سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں اس مرحلے میں بھی کام کے اعلی معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔اس منصوبے میں کارپیٹنگ کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھوں کی تعمیر، گرین بیلٹس میں پودے لگانا، سڑکوں کی تزئین و آرائش، لین مارکنگ اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کیا گیا تھا۔
رہائشیوں کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں جدید طرز کی سڑکوں کی تعمیر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔