کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے سابق صدر افتخار احمد وہرہ نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے جاری ترقیاتی سرگرمیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح ڈی ایچ اے کی سڑکیں کی جدید طرز پر دن رات تعمیر جاری ہے اس پر سی بی سی کے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک تعریف کے مستحق ہیں۔
زیرِ تعمیر سڑکوں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ڈیفنس کے رہائشیوں کی طرف سے سی بی سی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سی بی سی کے وائس پریزیڈنٹ محمد نجیب ولی، سیکریٹری سجاد نظیر اور چیف انجینئر عبدالرحیم شیخ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
افتخار احمدوہرہ نے امید ظاہر کی کہ ڈیفنس میں پانی کا مسئلہ بھی جلد حل ہو جائے گا اور اس سلسلے میں سی بی سی کی کوششوں کی تعریف کی۔
ڈیفنس میں سڑکوں کی جدید تعمیر اور تزئین و آرائش کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب وہ ڈیفنس میں داخل ہوتے ہیں اور گھر کی طرف جا رہے ہوتے ہیں تو ایک خوشگوار احساس ہوتا ہے۔