کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے سابق صدر انجم نثار نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے جاری سڑکوں کی تعمیرِ نو کو ایک خوش آئند قدم قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی جدید طرز پر تعمیر سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوا ہے اور جو سفر پہلے آدھے پونے گھنٹے میں طے ہوتا تھا اب چند منٹوں میں طے ہو جاتا ہے۔
زیرِ تعمیر سڑکوں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رہائشی اور ڈی ایچ اے آنے والے لوگ سڑکوں کی تعمیر سے ایک واضح تبدیلی محسوس کر رہے ہیں، کیونکہ ماضی میں سڑکوں کی خراب حالت کی وجہ سے ٹریفک کا کافی دباؤ رہتا تھا اور اکثر حادثات بھی ہوتے تھے۔ سی بی سی کے وائس پریزیڈنٹ محمد نجیب ولی، سیکریٹری سجاد نظیر اور چیف انجینئر عبدالرحیم شیخ بھی موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ اکثر دوسرے شہروں کی سڑکوں کی مثال دی جاتی تھی لیکن اب کلفٹن کنٹونمنٹ میں بھی اعلیٰ معیار کی سڑکیں بن گئی ہیں اور مزید بن رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ فٹ پاتھ بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں اور سبزے میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو کہ حقیقتاً ایک خوشگوار تبدیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کے رہائشی سی بی سی کے اس اقدام کی تہہِ دل سے تعریف کرتے ہیں۔ انہوں نے سی بی سی کے عملے اور انتظامیہ خصوصاً سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک اور وائس پریزیڈنٹ محمد نجیب ولی کا ترقیاتی کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔