کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے خطرناک قرار دی گئی کثیرالمنزلہ عمارتوں کے مالکان اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی عمارتوں میں تمام آتشزدگی سے بچاؤ کے اقدامات اور ضروری سامان کی تنصیب 15 فروری تک مکمل کرلیں۔
سی بی سی نے متنبہ کیا ہے کہ بصورت دیگر ایسی تمام عمارتیں میں جہاں آتشزدگی سے متعلق اقدامات تسلی بخش نہیں پائے گئے وہاں سی بی سی قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ سی بی سی نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خطرناک قرار دی گئی شاپنگ مالز اور دیگر عمارتوں سے دور رہیں کیونکہ انسانی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
تجویز کردہ آتشزدگی سے بچاؤ کے اقدامات میں آگ بجانے کے آلات، آگ کا الارم، سپرنکلر نظام، ہنگامی راستوں کی صفائی، ہر منزل پر رہنمائی کے نقشے آویزا کرنا، اور فائر سیفٹی عملے کا تقرر شامل ہے۔
یاد رہے کہ سی بی سی نے ڈیفنس اور کلفٹن میں تمام گراونڈ پلس فور (G+4) عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا تھا اور آتشزدگی کے غیر تسلی بخش اقدامات پر مختلف عمارتوں کے مالکان اور انتظامیہ کو نوٹس جاری کیے تھے۔