کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے مختلف اہم شاہراہوں کی تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس وقت خیابان ہلال، خیابان بدر، خیابان محافظ اور دیگر اہم سڑکوں پر کارپیٹنگ کا ابتدائی مرحلہ جسے تکنیکی زبان میں بیس کورس بائنڈر کہا جاتا ہے اسے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اب کارپیٹنگ کا آخری مرحلہ، فائنل ویئرنگ کورس ، تیزی سے جاری ہےجسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔جبکہ خیابان بادبان پر بھی کارپیٹنگ کی پہلی تہہ (بیس کورس بائنڈر) ڈالی جا رہی ہے۔
پہلے مرحلے کی طرح سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایات اور رہنمائی میں اس مرحلے میں بھی کام کے اعلی معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ صرف کارپیٹنگ تک محدود نہیں ہے اس میں فٹ پاتھوں کی تعمیر، گرین بیلٹس میں پودے لگانا، سڑکوں کی تزئین و آرائش، لین مارکنگ اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کیا گیا تھا۔
رہائشیوں کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں اعلی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔