کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی فوڈ کنٹرول ٹیم نے چھوٹا بخاری، ڈیفنس فیز 6 میں گوشت اور دودھ کی دکانوں، جنرل اسٹورز، دیگر اشیائے خوردونوش کی دکانوں اور ریستورانوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران دکانوں اور سامان کی صفائی کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی اشیا کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بعض دکانوں میں ناقص صفائی اور سی بی سی پیور فوڈ ایکٹ کی خلاف ورزی پر تنبیہ کی گئی، جبکہ میعاد ختم شدہ اشیا کو موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔
دکانداروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ کاروبار کے لیے سی بی سی سے فوڈ ٹریڈ لائسنس حاصل کریں، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس بنوائیں اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی سختی سے پابندی کریں۔
ایک دوسری کارروائی میں سی بی سی کی فوڈ کنٹرول ٹیم نے سحر کمرشل ایریا کا دورہ کیا، جہاں کھانے پینے کی اشیاء کے معیار اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ناقص انتظامات پر تنبیہ بھی کی گئی۔
سی بی سی اپنے زیرِ انتظام علاقوں کے مکینوں کی صحت کے تحفظ کے لیے سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں حفظانِ صحت کے اصولوں پر عملدرآمد اور معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔