کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے کلفٹن کنٹونمنٹ کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج متوقع تیز بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
چونکہ آج صبح سے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، سی بی سی نے رہائشیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے بجلی کے کھمبوں، پی ایم ٹیز، کھلے ہوئے مین ہولز اور دیگر خطرناک جگہوں سے دور رہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی گاڑیوں کو کمزور دیواروں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے نیچے پارک نہ کریں۔ بچوں کو بھی بارش اور تیز ہواؤں کے دوران باہر نہ نکلنے دیں۔
سی بی سی نے رہائشیوں سے یہ بھی گزارش کی ہے کہ وہ اپنے پالتو جانوروں کو محفوظ جگہ پر رکھیں اور انہیں ہرگز کسی کھمبے یا کھلی جگہ پر نہ باندھیں۔
سی بی سی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ رہائشی اپنے گھروں کی چھتوں پر موجود سولر پلیٹس، اینٹیناز، گملے اور دیگر سامان جو تیز ہوا سے اڑ سکتا ہےاسے کسی محفوظ جگہ منتقل کریں یا مضبوطی سے باندھ دیں تاکہ کسی بھی نقصان سے بچا جا سکے۔
رہائشی بارش سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کے حل کے لیے اپنے ایریا کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے ہیڈ یا سی بی سی ورچوئل آفس 24/7 سے کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔سی بی کیئر ایپ کے ذریعے بھی شکایت کی جا سکتی ہے۔ شکایت حل نہ ہونے کی صورت میں یا کسی تجویز کے لیے سی بی سی سی ای او سے ان کے واٹس ایپ نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ (03341119150)
سی بی سی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے اور سی بی سی کا عملہ سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی رہنمائی میں بارشوں میں پانی کی فوری نکاسی اور رہائشیوں کی شکایات پر فوری عمل درآمد کے لیے تیار ہے۔