سی بی سی کا ہفتۂ صفائی کامیابی سے اختتام پذیر

سی بی سی کی ہفتۂ صفائی مہم صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کے ساتھ اختتام پزیر

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے جاری ہفتۂ صفائی بروز بدھ ، 21 اکتوبر ، کو کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ ہفتۂ صفائی کا انعقاد ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹس ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت کے مطابق کیا گیا تھا۔ ہفتہ صفائی کا آغاز 13 اکتوبر کو کلفٹن بیچ پر ایک واک سے کیا گیا۔ اصل شیڈول کے مطابق اس مہم کو 18 اکتوبر کو اختتام پزیر ہونا تھا تاہم عوامی دلچسپی اور بھرپور شرکت کو دیکھتے ہوئے شیڈول میں21 اکتوبر تک توسیع کردی گئی۔
کلفٹن کنٹونمنٹ میں صفائی کی خصوصی سرگرمیوں میں سول سوسائٹی کے ارکان، عوامی نمائندوں، فنکاروں ، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ اور معاشرے کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بھرپور حصہ لیا۔ رہائشیوں کی انجمنوں، اسکولوں اورغیر سرکاری تنظیموں نے بھی مہم میں بھرپور شرکت کی اور خصوصی آگاہی پیغامات کے ذریعے صفائی سے متعلق عوامی شعور اجاگر کیا۔ اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ سی بی سی نے ہفتۂ صفائی کے لیے ایک خصوصی آگاہی نغمہ تیار کروایا۔آئیے، مل کر چلیں…سی بی سی کے ساتھ…ایک عزم، ایک مشترکہ مقصد…آئیے، مل کر آگے بڑھیں…آگے بڑھتے رہیں، اپنے اردگرد کو صاف رکھیں…
رہائشیوں نے سی بی سی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے سی بی سی سی ای او کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں معیاری شہری سہولیات اور صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ہفتۂ صفائی کے دوران سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے رہائشی اور تجارتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر صفائی کی سرگرمیاں انجام دیں۔ سی بی سی کے 200سے زائد صفائی عملے کے ارکان نے ڈی ایچ اے فیز 1 سے 8، کلفٹن کے بلاکس 8 اور 9، اور کلفٹن کنٹونمنٹ کی دیگر آبادیوں میں صفائی کے خصوصی اقدامات کئے۔
ہفتۂ صفائی کی اختتامی تقریب میں صفائی کے حوالے سے عوامی تعاون اور شرکت کی اہمیت اجاگر کی گئی جبکہ صفائی کے جامع اقدامات کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں