کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے آج بروز منگل ( 13 اکتوبر ) سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں ہفتۂ صفائی کا آغاز کیاگیا ہے جوکہ 18 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ہفتۂ صفائی کا آغاز کلفٹن بیچ پر ایک واک سے کیا گیا جس میں سی بی سی کی اعلیٰ انتظامیہ، اہلکاروں، اسکولوں کے بچوں اور معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ہفتۂ صفائی کا اہتمام ملٹری لینڈز اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کنٹونمنٹس میں صفائی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے، ان میں تیزی لانے اور عوامی آگاہی و شرکت کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
ہفتۂ صفائی کے دوران جامع حکمتِ عملی کے تحت رہائشی اور کمرشل ایریاز میں ٹھوس اور مائع فضلے کو بڑے پیمانے پر ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اسکولوں کے بچوں میں صفائی ستھرائی سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لیے خصوصی نشستوں، معلوماتی پوسٹرز کی مہم اور شہری ذمہ داریوں کے شعور کو فروغ دینے والی دیگر سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
سی بی سی کی جانب سے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں کلفٹن کنٹونمنٹ میں اعلیٰ معیار کی شہری سہولیات کی فراہمی اور صاف و صحت مند ماحول کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔