کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی اعلی حکمت عملی، نگرانی اور تجربہ کار ٹیم کی انتھک محنت، ڈیفنس اور کلفٹن کی گلیوں جو کبھی شکایات کا مرکز تھیں، کی خوشگوار تبدیلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے نہ صرف ان مشکلات کا حل نکالا بلکہ ریکارڈ وقت میں تمام کام مکمل کرکے یہ دکھایا، جو ان کی بے مثال قیادت کا ثبوت ہے۔
آج ڈیفنس اور کلفٹن کی اہم سڑکیں نہ صرف جدید انفراسٹرکچر سے جگمگا رہی ہیں بلکہ ان پر نصب نئی اسٹریٹ لائٹس، بہتر ٹریفک سگنلز اور پیدل چلنے والوں کے لیے بنے خوبصورت فٹ پاتھ ایک نیا منظر پیش کر رہے ہیں۔ سڑکوں کے درمیان بنے میڈینز میں لگے دلکش پھول اور ہریالی نے ماحول کو سبز و شاداب کر دیا ہے۔
سفر کو محفوظ اور آسان بنانے کے لیے جگہ جگہ لگے سائن بورڈز، رات میں چمکتی کیٹ آئیز اور سڑکوں پر واضح لین مارکنگ نے ان راستوں کو ایک بین الاقوامی معیار کا ماڈل بنا دیا ہے۔ جہاں کل تک ہر گلی شکایات سے بھری تھی، وہاں اب ہر نظر محبت اور ستائش سے دیکھ رہی ہے۔
سی بی سی نے اتنے کم وقت میں ایک ایسا انفراسٹرکچر قائم کیا ہے جو پورے کراچی کے لیے ایک مثال بن گیا ہے۔ رہائشیوں نے اس کاوش میں بھرپور ساتھ دیا، جو قابل ستائش ہے۔ آج ہر شخص کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے اس عظیم اقدام پر سلام پیش کر رہا ہے، اور یہ بدلتی ہوئی تصویر اس بات کی گواہ ہے کہ جب ارادے پختہ ہوں تو شکوے شکریہ میں بدل جاتے ہیں۔