کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے خیابانِ شہباز کی کارپیٹنگ کا کام مکمل کر لیا ہے، جبکہ دیگر اہم شاہراہوں کی کارپیٹنگ کا کام بھی تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے اور جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
وہ سڑکیں جن پر اس وقت کارپیٹنگ کی فائنل تہہ بچھائی جا رہی ہے ان میں صبا ایونیو، خیابانِ شاہین، خیابانِ بدر، خیابانِ سحر، خیابانِ بادبان، خیابانِ ہلال اور خیابانِ محافظ شامل ہیں۔
پہلے مرحلے کی طرح سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں اس مرحلے میں بھی کام کے اعلی معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ صرف کارپیٹنگ تک محدود نہیں ہے اس میں فٹ پاتھوں کی تعمیر، گرین بیلٹس میں پودے لگانا، سڑکوں کی تزئین و آرائش، لین مارکنگ اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کیا گیا تھا۔
رہائشیوں کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں اعلی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔