کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے خیابانِ شہباز کے بعد خیابانِ شاہین کی کارپیٹنگ کا کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر اہم شاہراہوں کی کارپیٹنگ کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
وہ سڑکیں جن پر اس وقت کارپیٹنگ کی فائنل تہہ بچھائی جا رہی ہے ان میں صبا ایونیو، خیابانِ بدر، خیابانِ سحر، خیابانِ بادبان، خیابانِ ہلال اور خیابانِ محافظ شامل ہیں۔ خیابان غازی پر بھی کارپیٹنگ کا کام تیزی سے جاری ہے۔
پہلے مرحلے کی طرح سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں اس مرحلے میں بھی کام کے اعلی معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ یہ منصوبہ صرف کارپیٹنگ تک محدود نہیں ہے اس میں فٹ پاتھوں کی تعمیر، گرین بیلٹس میں پودے لگانا، سڑکوں کی تزئین و آرائش، لین مارکنگ اور دیگر جدید تعمیراتی اقدامات بھی شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کیا گیا تھا۔
رہائشیوں کی جانب سے کلفٹن کنٹونمنٹ میں اعلی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کو بہت سراہا جا رہا ہے۔