محرم الحرام کے لیے سی بی سی کے خصوصی انتظامات

امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر سڑکوں کی مرمت، لائٹس کی تنصیب، پانی کی فراہمی اور دیگر اقدامات جاری

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے امام بارگاہوں کے اطراف، مجالس کے مقامات اور ماتمی جلوسوں کے راستوں پر سڑکوں کی مرمت، پیور بلاکس کی تنصیب، اسٹریٹ لائٹس کی درستگی اور اضافی لائٹس کی تنصیب، پینے کے پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر حالت میں رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

سی بی سی کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم اور دیگر شعبہ جات سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایت پر محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی سمیت تمام بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت مصروف ہیں۔
واٹر ٹینکرز کے ذریعے بھی پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ عزاداروں کو ملیریا ، ڈینگی اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے جراثیم کش اسپرے مہم بھی تیز کردی گئی ہے، جبکہ ماتمی جلوسوں کی گزرگاہوں اور مجالس کے مقامات پر درختوں کی چھٹائی اور صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
9 اور 10 محرم کےماتمی جلوسوں کے شرکاء کی سہولت کے لیے سی بی سی کی جانب سے پانی کی سبیلیں اور فوڈ پارسلز کی تقسیم کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں