کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک نے سی بی سی کے اس سال کے پہلے ایڈیشن سی بی سی کے نیوز لیٹر میں شائع اپنے ایک بیان میں کلفٹن کنٹونمنٹ کی مرکزی شاہراہوں کی تعمیر نو کے کام کی تکمیل کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ ایک خوشحال کمیونٹی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی بی سی کی جانب سے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے تحت مزید 15 اہم شاہراہوں اور انہیں ملانے والی سڑکوں کی تعمیر نو کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اربن ڈیویلپمنٹ میں “ریزیڈینٹ فرسٹ” سوچ کے تحت انسانی تجربے، کمیونٹی تعلقات اور زندگی کے معیار کو ترجیح دی جاتی ہے۔
یاد رہے کے پہلے مرحلے میں پانچ مرکزی شاہراہوں جن میں خیابانِ بحریہ، خیابانِ شجاعت، 26 اسٹریٹ، خیابانِ اتحاد اور کمرشل ایونیو شامل ہیں ان پر کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
کلفٹن کنٹونمنٹ کے رہائشیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیےانتھک محنت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ سی بی سی فعال رابطہ، ترقیاتی کاموں میں رہائشیوں کو کم سے کم پریشانی اور دیرپا ترقی کے لیے پرعزم ہے، جس پر ہم سب فخر کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک سی بی سی والنٹئر پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے، جس میں ذمہ دار کمیونٹی ممبرز اور نوجوان شامل ہوں گے، جو سی بی سی کی ویژن کی تشہیر اور اس پر موثر عمل درآمد میں مدد کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ خواہش مند افراد اس سلسلے میں براہِ راست سی بی سی سی ای او آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔