سی ویو ساحل پر سی آر ایس ایسوسی ایٹس کی جانب سے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کے تعاون سے صفائی مہم کا انعقاد کیا گیاجس میں 100 سے زائد اسکولوں اور یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ مہم کا مقصد نہ صرف ساحل کو صاف کرنا تھا بلکہ سمندری سیپیاں (Sea Shells) جمع کرنا بھی اس کا حصہ تھا جنہیں ایک منفرد تخلیقی سرگرمی ’’آرٹ بائے دی سی‘‘ (Art by the Sea) میں استعمال کیا جائے گا۔
اس طرح کی ماحول دوست سرگرمیوں سے نہ صرف ساحل کی خوبصورتی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے بلکہ صحت مند ماحول کے فروغ اور شہریوں میں شہری ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے میں بھی معاونت ملتی ہے۔
اس مہم کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ جمع کی گئی سیپیاں خصوصی اسکولوں اور یتیم خانوں کے بچوں میں تقسیم کی جائیں گی جو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان سے فن پارے تیار کریں گے۔ یہ تعمیری سرگرمی نہ صرف بچوں کے لیے خوشی اور اعتماد کا باعث بنے گی بلکہ انہیں ماحول کو آلودگی سے بچانے اور ری سائیکلنگ کی اہمیت سے روشناس کرانے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔بعد ازاں، ان تمام سیپیوں کو یکجا کرکے سی ویو ساحل پر ایک فن پارہ تخلیق کیا جائے گا جو اجتماعی کوشش، تخلیقی صلاحیت اور پائیداری کی علامت ہوگا۔
سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی سربراہی میں کلفٹن کنٹونمنٹ میں ایک صاف اور صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔