کے سی سی آئی کے سابق عہدیدار کا بڑا بیان

کے سی سی آئی کے سابق عہدیدار ناصر ریاض نے سڑکوں کی تعمیر کے اعلیٰ معیار کی بھرپور تعریف کی ہے

کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کی جانب سے ڈی ایچ اے میں سڑکوں کی تعمیر کو خوب سراہا جا رہا ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق رکن اور چیئرمین کمیونیکیشن سب کمیٹی (2022-23) ناصر ریاض نے سی بی سی کے وائس پریزیڈنٹ محمد نجیب ولی، سیکریٹری سجاد نظیر اور چیف انجینئر کے ہمراہ زیرِ تعمیر سڑکوں کا دورہ کیا اور کام کے معیار کی بہت تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں سڑکوں کے اعلیٰ معیار کی تعمیر دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے انہوں نے ڈیفنس میں اتنے بڑے پیمانے پر اور اس اعلیٰ معیار کے ترقیاتی کام نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بات جو انہیں بہت پسند آئی وہ یہ ہے کہ سڑکوں کی تعمیر سے پہلے پانی،گیس اور سیوریج کی لائنیں ڈالی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیفنس میں پانی کے ٹینکرز اور دیگر ہیوی ٹریفک چلتی ہے، اس لیے سڑکوں پر کارپیٹنگ کی ڈبل تہہ بچھائی گئی ہے، جس سے سڑکوں کی پائیداری میں مزید اضافہ ہوگا اور سڑکیں اگلے بیس سے پچیس سال تک محفوظ رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے وقت کی بچت ہوگی اور حادثات میں بھی کمی آئے گی۔
سی بی سی سی ای او محمد عمر فاروق علی ملک کی ہدایات اور رہنمائی میں سڑکوں کی تعمیر کے کام میں اعلیٰ معیار، بروقت تکمیل اور رہائشیوں کی سہولت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں